سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیل رہی ہے۔ریاستی جبر کے تازہ واقعے میں ضلع بارہ مولا اور پزل پورہ میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو سرچ آپریشن کے دوران شہید کردیا گیا ہے، اس طرح بدھ سے اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 10ہوگئی ہے۔ کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر سری نگر، سوپور، اسلام آباد، کلگام سمیت دیگر اضلاع میں پُرامن احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں جب کہ تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد احتجاجی جلوس نکالا گیا،جلوس کے شرکا کو منتشر کرنے کیلئے بھارتی فورسز نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے پیلٹ گن سے فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا جس سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے، ادھر پزل پورہ میں ایک فوجی اہلکار برجیش کمار نامعلوم افراد کے حملے میں ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جب کہ گزشتہ شب ضلع پلوامہ کے علاقے ندر ٹرال میں بھی بھارتی فوج کی چوکی پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ ایک ماہ میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں تین پی ایچ ڈی اسکالر شہید کیے جا چکے ہیں۔ بھارتی افواج نے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو نشانہ بناکر کشمیریوں کا تعلیمی استحصال بھی شروع کردیا ہے۔