قومی ٹیم نے دبئی ٹی 20 سیریز اپنے نام کر لی

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے دبئی میں آسٹریلیا کو مسلسل دوسرے میچ میں 11 رنز سے ہرا کر ٹی 20 سیریز اپنے نام کرلی- عماد وسیم کو عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 کا مجموعہ جوڑا۔ اوپنر فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا تو جارح مزاج فخر زمان کولٹر نائل کی گیند پر 11رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ آوٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی محمد حفیظ تھے، جنہوں نے 40 رنز بنائے اور سٹین لیک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 45کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد آصف علی نے جارحانہ کھیلنے کی کوشش کی تاہم وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے، انہوں نے 6گیندوں پر 9رنز بنائے۔ شعیب ملک بھی بڑا اسکور نہ کر سکے اور 14پر آؤٹ ہوگئے، حسن علی بھی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد عماد وسیم اور فہیم اشرف نے پاکستانی اسکور کو 147تک پہنچا دیا۔ جواب میں پہلے میچ کی طرح آسٹریلیا کا آغاز ایک بار پھر اچھا نہ تھا اور پہلے 5اوورز میں ہی کینگروز 19رنز کے عوض 2 وکٹیں گنوا چکے تھے۔ اوپنر ڈارسی شارٹ 2رنز بنا کر رن آؤٹ ہو ئے۔ کرس لِن 7رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جن کا کیچ شاداب خان نے لیا۔ پاور پلے کے بعد شاداب خان نے کپتان آرون فنچ کو بھی ٹھکانے لگا دیا جو فخر زمان کے ہاتھوں 3رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ مچل مارش اور گلین میکس ویل کی پارٹنر شپ 12ویں اوور میں شاداب خان نے توڑی اور مچل مارش کو 21رنز پر کپتان سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ ایلکس کیری کو محمد حفیظ نے آؤٹ کیا۔ بین میکڈرمٹ کو فخر زمان نے زبردست فیلڈنگ کرتے ہوئے رن آؤٹ کرایا۔ آخری اوور میں شاہین آفریدی نے میکس ویل اور انکے پارٹنر کو آؤٹ کرکے کینگروز کو136پر محدود کرکے قومی ٹیم کو آسٹریلیا پر فتح دلوا دی۔ عماد وسیم بہترین کارکردگی پرمین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment