دہری شہریت پر3خواتین پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کونوٹس

اسلام آباد(نمائندہ امت)اسلام آباد ہائی کورٹ نے دہری شہریت اور دیگر تفصیلات چھپانے پر تحریک انصاف کی 3 خواتین ارکان قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے۔ جسٹس عامرفاروق نے دہری شہریت اور غلط معلومات کی فراہمی پر تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی 3 ارکان قومی اسمبلی ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شاہ زیب کے خلاف نااہلی کی درخواست کی سماعت کی۔عبد اللہ خان نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں ان کے وکیل احمد رضا قصوری نے موقف اختیار کیا کہ کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائکہ بخاری دہری شہریت رکھتی تھی جب کہ ملائکہ بخاری، نے بھی دہری شہریت کے حوالے سے معلومات چھپائی ہیں، اس کے علاوہ کنول شاہ زیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ووٹ تبدیلی سے متعلق غلط بیانی کی، اس لئے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ممبران کو نااہل کیاجائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممبران کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔

Comments (0)
Add Comment