عمران کی بہن سمیت اعلیٰ شخصیات کی دبئی میں بے نامی جائیدادیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دبئی میں جائیدادیں رکھنے والی اعلیٰ شخصیات کے نام سامنے آگئے ہیں،وزیراعظم کی بہن علیمہ خان،تاج آفریدی،عمار خان بھی شامل ہیں،تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کئی سیاسی شخصیات اور بیوروکریٹس نے اپنے رشتے داروں کے نام پر جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی بہن علیمہ خانم بھی دبئی میں بے نامی جائیداد کی مالک ہیں جس پر انھیں نوٹس جاری کردیا گیا ہے، یہ نوٹس ان کے اپنے ملازم کے دعوے کی روشنی میں بذریعہ ای میل بھی بھیجا گیا ہے۔ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی فرخ سلیم کی والدہ کا نام بھی بیرون ملک جائیدادیں رکھنے والوں میں شامل ہے۔مرحوم مخدوم امین فہیم کی بیوہ رضوانہ امین کے نام 4 جائیدادیں،عدنان سمیع خان کی والدہ نورین سمیع خان کی 3 جائیدادیں ہیں جبکہ سینیٹر تاج محمد آفریدی بھی دبئی میں جائیداد کے مالک ہیں۔پی ٹی آئی رہنما ممتاز احمد کی بھی دبئی میں 16 جائیدادیں ہیں۔ سابق لیگی سینیٹر انور بیگ کی اہلیہ بھی دبئی میں فلیٹ کی مالک نکلیں۔سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کی اہلیہ اور پرویز مشرف کے سابق سیکرٹری طارق عزیز کی بیٹیوں کی بھی دبئی میں جائیدادیں ہیں۔میر حسن تالپور، سابق سینیٹر عمار احمد خان، کسٹم کلیکٹر شاہد مجید، ایف بی آر افسر واصف خان، ڈی آئی جی سہیل حبیب تاجک، سابق ایکسین زاکم خان، سرکاری افسر آغا مسعود عباس، زرعی ترقیاتی بینک کے ارشاد احمد، کلیکٹر کسٹم واحد خورشید کی اہلیہ کے نام بھی دبئی میں جائیدادیں ہیں۔جبکہ رضوانہ امین، عرفان مروت اور دلدار چیمہ نے دبئی جائیداد کی ملکیت سے انکار کیا ہے۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق عبوری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جس میں بتایا گیاکہ سیاسی شخصیات اور ان سے وابستہ 35 افراد کی دبئی میں املاک ہیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے آئندہ سماعت پر بیرون ملک جائیداد بنانے والے 20 افراد طلب کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پیسہ باہر لے جانے والے ملک دشمن ہیں۔عدالت نے جن افراد کو بلایا ان میں وقار احمد کا نام سرفہرست ہے، جن کی 22 جائیدادیں ہیں۔ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق دیگر افراد میں ایس ٹی ڈی سیکیورٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او نوشاد ہارون چمڑیااورمحمد امین( 12 جائیدادیں فی کس)، زبیر معین(9 جائیدادیں)اور 8 جائیدادیں رکھنے والے شیخ طاہر، ماجد کپور اور اسلم سلیم شامل ہیں ۔اسی طرح 7 جائیدادیں رکھنے پر آغا فیصل، 6 جائیدادیں رکھنے پر سید محمد علی اور عبدالعزیز راجکوٹ والا، 5 جائیدادیں رکھنے والے سردار ممتاز خان، 4 جائیدادیں رکھنے والے فیصل حسین اور نیئر شیخ، 3 جائیداد رکھنے والی خاتون نورین سمیع خان جب کہ 2، 2 جائیدادوں پر خواجہ محمد رمضان، محمد سعید منہاس، محمد امتیاز فضل، محمد فواد انور ، ہمایوں بشیر، شجاع الرحمٰن گورایہ، سردار دلدار احمد چیمہ کوبلایا گیا ۔عدالت نے ایف آئی اے کو 20 لوگوں کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی تھی۔

Comments (0)
Add Comment