کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیوایم پاکستان نے فاروق ستار کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے عارضی مرکز بہادرآباد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تنظیمی صورتحال پر غور و خوص سمیت دیگر اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کے بعد ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو کنوینر شپ سے ہٹایا تھا، مگر وہ رابطہ کمیٹی کے رکن تھے، ڈاکٹر فاروق ستار نے 13ستمبر کو استعفیٰ دیا تھا، جسے منظور کرلیا گیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ رابطہ کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار سے مسلسل رابطہ کرر ہی تھی کہ انکی جو بھی شکایت یا مطالبہ تھا یا ہے، اس کیلئے رابطہ کمیٹی موجود ہے، انہیں بہادر آباد آکر بات چیت کرنی چاہئیے تھی، تنظیم کانظم و ضبط ہے، جس کی پاسداری کنونیر سمیت ہر کارکن پر لازم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے خود ساختہ پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے مطالبات پیش کئے اور مسلسل تنظیمی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی، جس کی بنیاد پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔