عمان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اشارہ دیدیا

منامہ(امت نیوز)عمان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اشارہ دیدیا۔ بحرین میں عرب ممالک کی سیکورٹی کانفرنس سے خطاب میں عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علاوی نے کہا کہ اسرائیل خطے میں موجود اور مشرق وسطیٰ کی ایک تسلیم شدہ ریاست ہے۔ شاید اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل کو بھی دوسری ریاستوں کی طرح سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس جھگڑے کو ختم کرنا ہے۔عمان مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے امریکی صدر ٹرمپ کی کوششوں کے ساتھ ہے۔ بحرین کے وزیر خارجہ خالد بن احمد الخلیفہ نے عمانی وزیر خارجہ کے موقف کی حمایت کی جبکہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں امن چاہتا ہے۔کانفرنس میں امریکی وزیر دفاع دفا ع جم میٹس، اٹلی اور جرمنی کے وزرائے دفاع بھی شریک ہوئے۔ دریں اثنا ایرانی پارلیمنٹ کی خارجہ قومی سلامتی کمیٹی کے رکن جواد کریمی قدوسی نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی وزارت خارجہ کے عہدیدار امریکی انتظامیہ کے ساتھ مسقط میں خفیہ مذاکرات کر رہے ہیں۔ انہوں‌ نے کہا کہ وزیر خارجہ جواد ظریف ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ رابطوں کی کوشش کر رہے ہیں۔قدوسی کا کہنا تھا کہ مسقط میں جاری خفیہ مذاکرات سپریم لیڈر کے احکامات کی خلاف ورزی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment