نواز شریف نے ماضی کی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا۔چوہدری نثار

اسلام آباد (امت نیوز) سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ فی الوقت کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہو رہا،نواز شریف نے ماضی کی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا۔بیرون ملک واپسی کے بعد اپنے آبائی حلقے میں کارکنان سے خطاب کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہو رہا، کسی سیاسی جماعت میں شمولیت سے متعلق تمام خبریں حقائق کے منافی ہیں۔ملک کے سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک ایک شدید سیاسی محاذ آرائی کی طرف بڑھ رہا ہے، سیاسی محاذ آرائی کا تدارک نہ کیا گیا تو ملک میں عدم استحکام بڑھے گا، جو موجودہ حالات میں پاکستان کے مسائل میں بہت اضافہ کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تناظرمیں حکومت کو چاہیے کہ وہ احتساب اور انتقام میں تفریق کرے، آج سیاست گالم گلوچ اور الزام تراشی کا دوسرا نام بن گئی ہے، سچ اور جھوٹ میں تفریق ختم ہو گئی تصادم اورجنگ کی کیفیت سے نکلنا ہوگا، شفاف و پرامن سیاست اورجمہوری عمل سے ہی پاکستان کومضبوط کیاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ماضی کی غلطیوں سے نہیں سیکھا۔ مجھے انتخابات کے بعد بھی عہدوں کی پیشکش کی گئی مگر میں نے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف نے میری بات مانی ہوتی تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔ میں نے اپنی پوری زندگی مسلم لیگ (ن) میں گزار دی مگر غلامی نہیں کی۔

Comments (0)
Add Comment