زرداری کیساتھ ون آن ون ملاقات سے نواز شریف گریزاں

اسلام آباد-لاہور( خبرایجنسیاں)سابق وزیراعظم نواز شریفسابق صدر آصف زرداری کےساتھ ون آن ون ملاقات سے گریزاں ہیں انہوں نے اس ملاقات کےامکان کوردکرتےہوئے پارٹی کے کردار پرتحفظات کااظہارکیاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف آصف زرداری سے ون آن ون ملاقات نہیں کرنا چاہتے تاہم جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے نواز شریف کو آصف زرداری سے ملاقات کے لیے قائل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نواز شریف سے ملاقات کر کے اس حوالے سے مزید کوشش کریں گے۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کا بتانا ہے کہ اگر نواز شریف نے آصف زرداری سے ملاقات کی تو وہ اے پی سی میں ہی ہو گی اور نواز شریف پیپلز پارٹی سےتعاون پرمولانا فضل الرحمان سےضمانت مانگیں گے۔رپورٹ کےمطابق مولانا فضل الرحمان آج یا کل نوازشریف سےملاقات کرکےاس حوالےسےمزیدکوشش کریں گے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے پارٹی کا مشاورتی اجلاس جاتی امرا میں طلب کر لیا جس میں خواجہ آصف، سعد رفیق، ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور دیگر شریک ہونگے۔ اجلاس میں اپوزیشن کو متحرک کرنے کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔یاد رہے مولانا فضل الرحمان، سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف تینوں لاہور میں موجود ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے فون پر میاں نواز شریف سے رابطہ کیا، دونوں رہنماں نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں تیزی لانے پر اتفاق کیا۔لاہور پہنچنے پر مولانا فضل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کی کردار کشی کی جاتی ہے، قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں، حاصل کچھ نہیں ہو سکا۔گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام (ف) کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے قبل جامعہ مدنیہ کریم پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ اب وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ سیاسی لوگوں سے ملنا یا نہ ملنا کوئی بات نہیں ہوتی۔ وہ صرف حکومت کے خلاف اپوزیشن کو متحد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نیب پر کسی صورت اعتماد نہیں۔ حکومت نیب کو اپنے مخالف سیاستدانوں کے خلاف استعمال کر رہی ہے۔ نیب احتساب کا ادارہ نہیں بلکہ حکومتی سیاست کا حصہ ہے۔

Comments (0)
Add Comment