اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے جن افراد کو گرفتار کیا وہ ہمارے ملزم ہیں اور انہوں نے ہمارے ملازمین پر حملہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گائے نے ہمارے فارم ہاؤس میں پھل دار درختوں کو نقصان پہنچایا، ہم نے کسی بچے کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرایا اور پولیس نے بھی بتایا کہ انہوں نے کسی بچے کو گرفتار نہیں کیا۔اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ آئی جی اسلام آباد پولیس کوبار بار فون کرتا رہا لیکن انہوں نے فون نہیں سنا، میرے کیس میں سیکریٹری داخلہ بھی آئی جی کو فون کرتے رہے مگر انہوں نے فون نہ سنا۔ان کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی نے ذاتی طور پر اس معاملے کو دیکھا، میرے ملازمین پر حملہ ہوا تو قانون کا دروازہ کھٹکھٹایا اور کوئی اثرورسوخ استعمال نہیں کیا۔