لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) گیلپ کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی کارکردگی سے متعلق سروے کروایا گیا، جس میں پاکستانی منصفِ اعلیٰ کی کارکردگی معترف نکلے۔ تفصیلات کے مطابق گیلپ اور گیلانی کی جانب سے چیف جسٹس کی کارکردگی کے حوالے سے عوامی سروے (رائے عامہ) کا اہتمام کیا گیا ،جس میں کثیر تعداد نے حصہ لیا۔ سروے میں حصہ لینے والے افراد میں سے57فیصد پاکستانیوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کی گزشتہ ایک برس کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی ملک کے لیے کاوشوں کو سراہا۔گیلپ کی جانب سے جاری سروے رپورٹ کے مطابق 32فیصد سے زائد پاکستانیوں نے چیف جسٹس کی کارکردگی کو بہترین ،جبکہ 25فیصد نے اچھا قرار دیا ،جبکہ 11فیصد عوام اس سے مطمئن نظر آئے۔دوسری جانب رائے عامہ کا حصہ بننے والے 14فیصد پاکستانیوں نے ایک برس کی کارکردگی متاثر کُن قرار نہیں دیا ،جبکہ 13فیصد ایسے بھی لوگ سامنے آئے جن کی نظر میں جسٹس میاں ثاقب نثار کی کارکردگی خاطر خواہ نہیں رہے۔سروے میں حصہ لینے والے پانچ فیصد عوام ایسے بھی تھے ،جنہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی مدتِ ملازمت آئندہ برس ختم ہونے جارہی ہے، منصفِ اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے بے باک فیصلے کیے ،جن کو عوامی سطح پر پذیرائی ملی۔جسٹس میاں ثاقب نثار نے عوامی مسائل کا بھی نوٹس لیا، موبائل کمپنیوں کی جانب سے ٹیکس کی کٹوتی ہو یا پھر نجی اسکولوں، کالجز یا اسپتالوں کی فیس چیف جسٹس نے سب کا فیصلہ سنایا۔