کراچی میں پگڑی متاثرین کے مسائل کے سلسلے میں پٹیشن دائر

کراچی (پ ر) اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کے صدر اور آل کراچی گڈول پگڑی ٹینینٹس ریلیف کمیٹی کے چیئرمین محمودحامدنے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار کو کراچی میں پگڑی کے متاثرین کے مسائل کے سلسلے میں پٹیشن پیش کی اور پگڑی کے تاجروں اور فلیٹ مالکان پر ہوانیوالی زیادتیوں سے آگاہ کیا۔اس سے قبل سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے سامنے گڈول کے متاثرین نے احتجاج کیا اس موقع پر اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر اور گڈول ٹینینٹس ریلیف کمیٹی کے چیئرمین محمود حامد، عثمان شریف، شاھد پراچہ اور ارشاد چوہان ایڈوکیٹ اور دیگر نے خطاب کیا۔ محمود حامد نے کہا کہ پگڑی کو غیر قانونی قرار دیکر کراچی کے لاکھوں عوام اور تاجروں کو بے گھر اور بیروزگار کیا جا رہا ہے اگر یہ سسٹم غیر قانونی تھا تو 1947ء سے کیوں نافذ تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اونرز کی نیتیں خراب ہو گئی ہیں اور پھر اس کام میں کالا دھن بڑے پیمانے پر شامل ہو گیا ہے ہم نے ان دونوں معاملات کی نشاندہی چیف جسٹس کو بھی کی ہے ہم وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پگڑی سسٹم کے کرایہ داروں کے استحصال کیلئے استعمال ہونے والے کالے دھن کی چھان بین کروائیں یہ بلیک منی کن لوگوں کی ہے اور یہ کروڑوں اور اربوں روپے کی درجنوں بلڈنگیں خریدنے والے قومی خزانے کو کتنا ٹیکس دیتے ہیں انہوں نے اعلان کیا کہ ہم گڈول ٹینینٹس کے حقوق کی تحریک کو پورے کراچی میں پھیلائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment