کراچی(بزنس رپورٹر)سوئی سدرن گیس نے گیس چوری کے خلاف آپریشن تیز کر تے ہوئےلانڈھی انڈسٹریل ایریا میں ایشیا کی معروف قاسم ٹیکسٹائیل ملز کی گیس منقطع کردی۔انٹیلی جنس کی اطلاع پر کمپنی کی جوائنٹ انسپکشن ٹیم جب قاسم ٹیکسٹائیل ملز پہنچی تو انتظامیہ کی طرف سےنہ صرف ٹیم کو اندرداخل ہونے سے روکا گیا بلکہ انسپکشن کرانے سےبھی انکار کردیا۔ ایس ایس جی سی کی جوائنٹ انسپیکشن ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے ملز کی گیس سپلائی منقطع کردی۔ دوسری جانب فیڈرل بی ایریا اور لیاقت آباد میں بھی گیس چوروں کے خلاف کاروائی کی گئی۔ لیاقت آباد میں واقع پلاسٹک فیکٹری پر چھاپہ مارا گیاجہاں فیکٹری مالک 290 کیوبک فٹ فی گھنٹے کے حساب سے مین لائن سے ڈائریکٹ گیس چوری کر رہا تھا۔ ٹیم نے لائن منقطع کرنے کے بعد چوری میں استعمال ہونے والا ربڑ کا پائپ اور دیگر سامان اپنے تحویل میں لےکر جرمانہ عائد کردیا ۔فیڈرل بی ایریا میں ایک مٹھائی کی دکان پر چھاپہ مارا جہاں گیس چوری کی جا رہی تھی۔ ترجمان کےمطابق گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزیدتیزی لائی جائے گی۔