اسلام آباد (این این آئی)امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مشرقی سرحد سے ملحق ،سرکریک پر پاک میرینز کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے جنگی مشق سی اسپارک 2018 کے دوران پاک میرینز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔اگلے مورچوں میں آمد پر متعلقہ کمانڈرز نے امیر البحر کا استقبال کیا۔ نیول چیف کو سرحد پر واقع کریک ایریاز میں پاک میرینز کی جنگی مشقوں اور دیگر حکمت عملیوں پر بریفنگ دی گئی۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے اگلے مورچوں پر تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور انکی ہمہ وقت تیاری ، حوصلے اور جذبے کو سراہا۔انہوں نے مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے جدیدہتھیاروں اور سازوسامان کے تندہی کے ساتھ بہترین استعمال پر زور دیا ۔امیرالبحر نے انتہائی ناموافق زمینی ماحول کے باجود پاک میرینز کی پیشے سے لگن، جنگی تیاریوں اور بلندحوصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔