اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کا اجلاس آج پیر کو شروع ہو گا جو 9 نومبر تک جاری رہے گا، موجودہ قومی اسمبلی کا چوتھا سیشن ہوگا ۔ اجلاس کے لئے اپوزیشن لیڈر محمد شہبازشریف 12 دن تک اسلام آباد میں رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام چار بجے سپیکر اسدقیصر کی صدارت میں ہو گا۔ 12روزہ اجلاس میں شرکت کے لئے زیرحراست قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو نیب کے وزراء کالونی میں سیف ہاوٴس رکھا جائے گا یہ رہائش گاہ پارلیمنٹ ہاوٴس کے قریب ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے شہبازشریف کے جاری پروڈکشن آرڈر کا سارے سیشن کے لئے اطلاق ہوگا۔پروڈکشن آرڈر 29 اکتوبر کے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لئے جاری کئے ہیں، جو آ ج شام 4 بجے شروع ہوگا۔اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اسمبلی اجلاس کے تمام سیشنز میں شرکت کریں گے۔اسپیکر نے ہدایت کی کہ اپوزیشن لیڈر کی قومی اسمبلی اجلاس کی ہر نشست کے آغاز سے قبل حاضری سے یقینی بنائی جائے۔ قومی اسمبلی کے ہر اجلاس کے اختتام پر شہباز شریف کو واپس نیب کی تحویل میں دے دیا جائے گا۔