کراچی (اسٹاف رپورٹر) چہلم حضرت امام حسین ؓکے مرکزی جلوس کے لئے سندھ پولیس کا سیکورٹی پلان تیار کرلیا گیا۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کے لئے پولیس کا سیکورٹی پلان تیار کرلیا گیا ،جس کے تحت مجموعی طور پر 5 ہزار 311 اہلکار جلوس کی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق چہلم کے جلوس کے موقع پر 16 ایس ایس پیز،43 ایس پیز و ڈی ایس پیز اور 115 خواتین اہلکار بھی شامل ہونگی، ترجمان سندھ پولیس کے مطابق جلوس کی سیکورٹی کے لیے 42 پولیس موبائلیں،65 موٹرسائیکلیں، 7 بکتر بند اور 6 پریژن وین بھی استعمال ہونگی۔ علاوہ ازیں آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے تمام ڈی آئی جیز کو جاری رہنما ہدایات میں کہا ہے کہ چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر متعلقہ اضلاع کے لحاظ سے غیرمعمولی سیکورٹی اقدامات پر مشتمل کنٹی جینسی پلان پر عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے روابط کو ممکن بنایا جائے تاکہ سیکورٹی کے مجموعی امور پر عمل درآمد کے تحت تمام مجالس، جلوسوں سمیت مرکزی اجتماع گاہوں پر اور دیگر مقامات پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ علاقوں میں انٹیلی جنس بڑھانے کے ساتھ ساتھ موبائل،موٹرسائیکل گشت،داخلی وخارجی پوائنٹس پرپکٹنگ سمیت مرکزی مساجد،امام بارگاہوں،مزارات، درگاہوں کے علاوہ اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات پرتمام تر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اسنیپ چیکنگ پوائنٹس اور پیٹرولنگ کے عمل میں باالخصوص مساجد امام بارگاہوں وغیرہ کے علاوہ مرکزی شاپنگ سینٹرز،مارکیٹوں، صنعتی وتجارتی زونز اور پرہجوم پبلک مقامات اوراہم تنصیبات و عمارتوں کو لازمی طور پر فوکس کیا جائے۔