ٹرمپ کے ہاتھوں تذلیل کے بعد بھارتی رہنما جھینپ مٹانے لگے

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ نے اگلے سال بھارتی یوم جمہوریہ میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔ ٹرمپ کے ہاتھوں تذلیل کے بعد بھارتی رہنما جھینپ مٹانے لگے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے انکار کی وجہ بھارت اور روس کے درمیان دفاعی معاہدہ ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب مخالفین سوشل میڈیا پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کہا ہے کہ مہمان کی جانب سے اس طرح ذلیل کرنے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ امریکی حکام نے بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت دوول کے نام خط میں ٹرمپ کے فیصلے سے آگاہ کیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ملکی مصروفیات کے باعث بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ نے مصروفیات کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا ہے۔ وہ یوم جمہوریہ کے موقع پر ہونے والی تقریبات کے دنوں میں اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب کریں گے۔ خط میں شرکت سے معذرت پر اظہار افسوس کیا گیا ہے۔تجزیہ نگاروں کاکہناہے کہ نئی دہلی اورماسکومیں حالیہ دفاعی معاہدہ اس کی وجہ ہوسکتاہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سینئر تجزیہ کار رہیس سنگھ نےکہا کہ صدر ٹرمپ کی امریکہ فرسٹ کی جو پالیسی ہے۔ مذکورہ فیصلہ اس کا شاخسانہ ہے۔ امریکی صدر کے نزدیک اپنے ملک کے مفادات پہلے ہیں۔رہیس سنگھ کے خیال میں ممکن ہے کہ بھارت کے بعض حالیہ فیصلے اس کی وجہ بنے ہوں لیکن اس سے باہمی رشتوں کے متاثر ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھارتی حکومت پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔ معروف صحافی اور عام آدمی پارٹی کے میڈیا مشیر ناگیندر شرما نے ٹویٹ کیا کہ کیا بھارت میں ایسی کوئی مثال ملتی ہے جب ہماری حکومت نے فخریہ انداز میں یوم جمہوریہ کے مہمان خصوصی کا نام لیک کیا ہو اور مہمان نے اس دعوت کو ٹھکرا کر ذلیل کیا ہو؟سی پی آئی (ایم ایل) کے دیپانکر نے ٹویٹ کیا یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ٹرمپ نہیں آ رہے ہیں۔ تجزیہ نگار الیسا آئرس نے لکھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ٹرمپ یوم جمہوریہ کی دعوت کی اہمیت کو نہیں سمجھتے۔ یہ کوئی معمولی دعوت نہیں۔ ناول نگار کرشن پرتاپ سنگھ نے اس خبر کو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا:یہ منہ پر زور دار تھپڑ ہے۔ یاد رہے کہ روسی صدر 4اکتوبر کو دو روزہ دور ہ پر نئی دہلی پہنچے تھے جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی جس میں دفاع، نیوکلیئر، توانائی، خلااور اقتصادیات کے شعبوں میں8مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔ امریکی تحفظات کے باوجود روس اور بھارت نے5ارب ڈالرز کے فضائی دفاعی نظام ایس 400کی خریداری کا معاہدے کیا تھا۔ واضح رہے کہ بھارت کا یوم جمہوریہ 26جنوری کو منایا جاتا ہے جس میں فوجی پریڈ بھی منعقد کی جاتی ہے ، جبکہ اس سے قبل 2015میں سابق امریکی صدر بارک اوباما بھارت کے یوم جمہوریہ کی پریڈ میں شرکت کرچکے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment