لیاری میں گینگ وار کارندہ بھتے کی پرچی دیکر فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاری میں بھتہ خور پھر سرگرم ہوگئے موٹر سائیکل سوار ملزمان تاجر کو گینگ وار کمانڈر کے نام پر 10لاکھ کی پرچی دے کر فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں پولیس حکام کی جانب سے متعدد بار دعوی کیا گیا کہ بھتہ خوری ختم کردی گئی ہے لیکن گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 3 واقعات نے تمام دعووں کی قلعی کھول دی ہے، ذرائع کے مطابق بغدادی کے علاقے میں ایک معروف تاجر کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان پرچی دے کر گئے ہیں جس میں لکھا گیا ہے کہ 10لاکھ بھتہ ادا کردو بصورت دیگر سنگین نتائج کے لیے تیار رہو، پرچی پر گینگ وار کمانڈر وصی اللہ لاکھو کا نام اور ایک انٹر نیشنل نمبر لکھا ہوا ہے کہ اس نمبر پر رابطہ کر کے ادائیگی کی تاریخ بتا دی جائے، حالیہ واردات کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ اگر کسی کو پرچی دی گئی ہے تو پولیس سے رابطہ کرے میڈیا کے ذریعے ہمیں اطلاع مل رہی ہے، تھانے آکر ابھی تک کسی بھی تاجر نے رابطہ نہیں کیا۔

Comments (0)
Add Comment