اسلام آباد(امت نیوز) یورپین پارلیمنٹ کی برطانوی ممبر جولیا وارڈ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی شہریوں سمیت پوری دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گہری تشویش ہے، اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے علمبردار تمام عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے جاری سلسلے کو بند کرانے کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف ایک ویڈیو پیغام کےذریعے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی وادی ایک ایسا علاقہ بن چکا ہے جو پوری دنیا میں سب سے زیادہ فوج زدہ علاقہ ہے جہاں قابض افواج روزانہ انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیاں کر رہی ہے اور انسانیت سوز ظلم و ستم برداشت کرنا مقبوضہ کشمیر کے مقامی لوگوں کا معمول بن چکا ہے۔ بھارتی افواج کے ظلم و ستم کیخلاف ہونیوالے پرامن احتجاجی مظاہروں میں بھارتی افواج کا وحشیانہ فائرنگ کرنا بھی روز مرہ کا معمول بن چکا ہے، جہاں آئے روز نوجوانوں، بچوں اور عورتوں کیخلاف بلا تخصیص خوفناک آتشیں اسلحہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق انسانی حقو ق دلانا اور وہاں نسل کشی اور خواتین کی ظالمانہ آبروریزی کے سفاکانہ سلسلے کو بند کرانا ہوگا ۔