کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ سید کلیم امام نے شارع فیصل پر سعودی قونصلیٹ کی بغیر نمبر پلیٹ گاڑی کا چالان کرنے والے ٹریفک سب انسپکٹر نواز سیال کیلئے 20ہزارروپے انعام کا اعلان کیا ہے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنانے پر شاباشی بھی دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک ٹریفک اہلکارکو ایک سیاہ گاڑی کو روکے دکھایا گیا ہےجس پر نمبر پلیٹ لگی ہوئی نہیں تھی۔ ویڈیو ٹریفک اہلکار نے خود بنائی تھی ۔ ویڈیو سے پتہ چلا کہ مذکورہ گاڑی سعودی قونصل خانے کی تھی جس میں سفارتخانے کا نمائندہ بھی موجود تھا جبکہ ڈرائیور نے سیٹ بیلٹ بھی باندھی ہوئی نہیں تھی۔ویڈیو میں ڈرائیورنے کسی بااثر شخصیت سے ٹریفک اہلکار کی بات بھی کرائی لیکن فرض شناس سب انسپکٹر نواز سیال نے قانون پر عمل درآمدکیلئے گاڑی کو روکے رکھا اور چالان کردیا ۔دوسری جانب ٹریفک پولیس اہلکاروں نے اپنے ہی پیٹی بند بھائیوں کا بھی چالان کردیا۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کہ ٹریفک اہلکاروں نے اے ایس آئی کا ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کردیااسی طرح ایک موٹرسائیکل پر 3اہلکاروں کے بیٹھنے، ہیلمٹ نہ پہننے اور لائسنس نہ ہونے پر اپنے ہی پیٹی بھائیوں کا چالان کرڈالا۔