باجوڑاورمہمندمیں بم دھماکوں سے ایک اہلکار شہید-4زخمی

باجوڑ/مہمند(نمائندگان امت)باجوڑ میں تحصیلدار کی گاڑی اور مہمند میں لیویز فورسز پر بم حملوں میں ایک لیویز اہاہلکار شہید جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئے جبکہ تحصیلداربال بال بچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق باجوڑ کے تحصیل ناوگئی کے علاقہ کمانگرہ میں تحصیلدار کے گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس سے چار لیویز اہلکار زخمی ہو گئے۔ تحصیلدار بال بال بچ گئے ۔ زخمی ہسپتال منتقل ۔زخمیوں میں دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک ، پشاور روانہ ۔ باجوڑ کے ڈپٹی کمشنر عثمان محسود کے مطابق پیر کے صبح باجوڑ کے تحصیل ناوگئی علاقہ کمانگرہ چہارمنگ میں سڑک کے کنارے تحصیلدار عبدالحسیب خان کے گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ اس وقت ہوا جب تحصیلدار عبدالحسیب اپنی سکیورٹی سکواڈ کے ہمراہ چہارمنگ کے ایک سکول میں پہلے سے نصب بم ناکارہ بنانے کیلئے جارہے تھے کہ اچانک ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چار لیویز اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ تحصیلدار عبدالحسیب خان بال بال بچ گئے ۔ زخمیوں کو علاج معالجے کیلئے ہیڈکوارٹر ہسپتا ل خار منتقل کیاگیا ہے۔زخمیوں میں سپاہی اسماعیل، سپاہی سلیمان ، سپاہی عبدالصمد اور سپاہی ریاض شامل ہیں ۔ واقعہ کے بعد ڈپٹی کمشنر عثمان محسود اسسٹنٹ کمشنر انورالحق کے ہمراہ فوری طورپر ہیڈکوارٹر ہسپتا ل خار پہنچ گئے اور انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی ۔ڈپٹی کمشنر عثمان محسود نے دوشدید زخمیوں اسماعیل اور ریاض کو مزید علاج کیلئے بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور منتقل کرنیکا حکم دیا اور بعد ازاں اُن کو بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور منتقل کیاگیا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ۔ ادھرپلع مہمند کےتحصیل صافی علینگار میں بارودی سرنگ کےدھماکے سےڈیوٹی پر جانے والے لیویز اہلکار شہیدہو گئے۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تحصیل صافی پاک افغان بارڈر کے قریب علاقہ علینگار میں خاصہ دار فورس کے اہلکار عیسی خان ولد امیرا خان ڈیوٹی کیلئے علینگار 2پوسٹ جارہا تھا،کہ راستے میں اس پر بارودی سرنگ کا دھماکہ ہو گیا،مقامی انتظامیہ کے مطابق دھماکے سے عیسی خان شدید زخمی ہوگیا جس کو خاصہ دار فورس کے اہلکاروں نے فوری طبی امداد کیلئے باجوڑ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دیا،ذرائع کے مطابق جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ادھر علینگار میں دھماکہ کے بعد فوسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم آخری خبریں آنے تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں ائی۔شہید خاصہ دار کی جسد خاکی اپنے آبائی علاقے پہنچائی گئی ہے جس کو نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا جائے گا،دھماکے سے علاقے میں تشویش کی لہر پید ا ہوگئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment