زرمبادلہ بھارت منتقل کرنے والے 2ملزمان کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے بھارتی چینل کی نشریات دکھا کر رقم بھارت منتقل کرنے الزام میں گرفتارملزمان محمد اقبال اور یاسر علی کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر کسٹم حکام کے حوالے کردیا ہے ۔ پیر کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں کسٹم حکام کی جانب سے گرفتار ملزمان محمد اقبال اور یاسر علی کو پیش کیا گیا۔اس موقع پر تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی گئی ۔ تفتیشی افسر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ خفیہ اطلاع پر کورنگی میں گودام اور ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں پانی کے ٹینک سے بڑی تعداد میں غیر قانونی سامان برآمد کیا گیا ، برآمد سامان میں سیٹلائٹ ریسیورز، ایل این بی ایس ڈش سمیت مختلف ڈیوائس بھی شامل ہیں۔برآمد سامان کی رقم 14 کروڑ سے زائد ہے۔ڈی ٹی ایچ ڈیوائسز کے ذریعے بھارتی پروگرامز چلائے جاتے تھے،غیر قانونی ڈیوائسز کے ذریعے حاصل کردہ رقم بھارت بھیجی جاتی تھی،منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے سے بھی معاونت کی جا رہی ہے،ملزمان کے خلاف حوالہ/ ہنڈی کی بھی تحقیقات کی جائیں گی استدعا ہے کہ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر دیا جائے۔

Comments (0)
Add Comment