باجوڑ(نمائندہ امت) اسلام آباد میں اعظم سواتی کے بیٹے اور غنڈوں کے جانب سے باجوڑ سے تعلق رکھنے والے غریب آدمی کے گھر کی چار دیواری کا تقدس پائمال کرنے کے بعد گھر کے خواتین سمیت پانچ افراد کو جیل میں بند کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اعظم سواتی اور اس کے بیٹے کے خلاف فوراً ایف آئی آر درج کرکے واقعہ کی تحقیقات کی جائے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے سنیئر نائب صدر اور سابقہ رکن قومی اسمبلی سید اخونزادہ چٹان ، ملک خانزیب ، اصغر ، احمد سالات اور دیگر نے باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ سید اخونزادہ چٹان نے کہا کہ اعظم سواتی نے اپنے دولت کے نشے میں آکر ہماری عزت پر دھاوا بول دیا ہے اس طرح کی وحشت تو کفر کے ریاست میں بھی نہیں کیا جاتا جس طرح انہوں نے برائے نام مدینہ کے ریاست میں کیا ہے۔ ریاست مدینہ کے دعویداروں کا باجوڑ کی بچی اور اس کے خاندان پر ظلم و بربریت اور جھوٹے مقدمات سیاہ د اغ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اعظم سواتی کے اسلام آبادمیں واقع فارم ہاؤس کے ایک ملازم نے باجوڑ کے رہائشی خاندان کے ایک بچی کا رشتہ مانگا انکار کرنے پر اُس کے خاندان کو مختلف حیلوں بہانوں سے تنگ کیا گیا اور آخر کار درختوں کو نقصان پہنچانے کے بہانے اُن پر غیر انسانی تشدداور فائرنگ بھی کی گئی چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور مظلوم خاندان کے خلاف جھوٹے مقدمات میں پھنسا یا گیا آئی جی جان محمدکو حق گوئی پر عہدے سے بر طرف کیا گیا۔