اسلام آباد(نمائندہ امت) سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہاہے کہ عمران خان سے این آر او کس نے مانگا ہے؟ ہمارے کسی فرد نے این آر او کے لیے رابطہ نہیں کیا اور ہمت ہے تو اس فرد کا نام لیں ،اہلیہ کے آخری وقت میں ان کے پاس ہونے کے بجائے سلاخوں کے پیچھے تھا ،جس کی ہمیشہ تشنگی رہے گی۔گزشتہ روز احتساب عدالت کے باہر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ ملکی حالات عوام دیکھ رہے ہیں،ہم میں سے کسی نے این آر او کے لئے رابطہ نہیں کیا،این آر او کا الزام لگا رہے ہیں تو جراٗت کرکے اس کا نام بھی لیں۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز ملاقات کے لئے آئے ،ان کا احترام ہے،مولانا فضل الرحمان سے جو باتیں ہوئی ،پبلک میں نہیں کرنا چاہتا، وہ باتیں اپنی پارٹی اور شہباز شریف کے ساتھ کرنا چاہتا ہوں۔ شہباز شریف نے دن رات محنت سے کام کیاہے،انہوں نے جو محنت کی اس کے ثمرات ملکی سطح پر دیکھے گئے۔ شہباز شریف کے خلاف آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے معاملے میں کچھ نہیں ملا تو پھر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزامات سامنے آنے لگے۔یہ کیا مذاق ہے؟ یہ سب بہت افسوس اور دکھ کی بات ہے، پاکستان کو ہم کدھر لے کر جانا چاہتے ہیں؟ شہباز شریف پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں ہے، کوئی بتاسکتا ہے ،ایسا کیوں ہورہا ہے؟شہبازنے قوم کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال کر اور موسم سے بے پروا ہوکر کام کیا ،لیکن آج ان کی محنت کے ثمرات یہ ہیں کہ انہیں نیب نے گرفتار کرلیا۔