اوباڑو میں وڈیرے کا 10 سالہ بچی ونی کرنے کا حکم

ڈہرکی (نمائندہ امت) اوباڑو میں وڈیرے نے جوڑے پر سیاہ کاری کا الزام لگا کر کمسن بچی ونی کرنے کا حکم دیدیا۔ آصف اور رخسانہ نے 2 سال قبل پسند کی شادی کی تھی۔ 10 سالہ دادلی کا رشتہ دینے سے انکار پر جرگے میں جوڑے کے قتل کا حکم بھی جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اوباڑو کے نواحی علاقے مرید شاخ میں دو سال قبل پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر بااثر وڈیروں نے سیاہ کاری کا الزام لگا کر قتل کرنے کا حکم جاری کردیا، بااثر وڈیرے کی رہائشگاہ پر ہونے والے جرگے میں پسند کی شادی کرنے والے آصف علی ولد کریم بخش میرانی پر 10لاکھ روپے جرمانہ اور دس سالہ معصوم بچی دادلی کو ونی کرنے کا حکم دیا ہے، جرمانے کی رقم اور ونی کی معصوم بچی کا رشتہ دینے سے انکار پر جوڑے کو قتل کرنے کی حکم دیا گیا ہے، گزشتہ روز پسند کی شادی کرنے والے جوڑے رخسانہ میرانی اپنے شوہر آصف میرانی کے ہمراہ صحافیوں کو بتایا کہ میں نے دو سال قبل آصف میرانی سے سیشن کورٹ میں شادی کی تھی، جس سے میرے رشتہ دار ہم دونوں کے دشمن بن گئے ہیں، جس سے گزشتہ دو سال سے دربدر ہیں، اس موقع پر آصف میرانی نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل بااثر وڈیرے بدل خان میرانی، قربان میرانی، سلطان قربان میرانی، ریاض میرانی،عاشق میرانی اور طالب میرانی کی سربراہی میں جرگہ ہوا، جس میں میرے والد کریم بخش میرانی اور اللہ ودھایو میرانی کو بھی طلب کیا تھا، بااثر وڈیرے بدل خان میرانی نے 10لاکھ روپے جرمانہ اور میری دس سال کی معصوم بہن دادلی کو ونی کرنے کا حکم دیا، اس موقع پر میرے والد اور چچا نے جرگہ کو ماننے سے انکار کیا تو وڈیرے نے کہا کہ اگر جرمانے کی رقم اور ونی کی گئی بچی کا رشتہ نہ دیا تو جوڑے کو سیاہ کاری کے الزام میں قتل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ قتل کے خوف سے دربدر ہیں، خدشہ ہے کہیں ہمیں قتل نہ کیا جائے، جبکہ بااثر وڈیروں نے میرے چچا پر جھوٹے مقدمات بھی درج کرائے ہیں، گزشتہ دو سال سے دربدر ہیں اور پولیس بھی ہماری کوئی مدد نہیں کر رہی ہے، انہوں نے ایس پی گھوٹکی سے اپیل کی کہ بااثر افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

Comments (0)
Add Comment