لاہور(نمائند ہ امت ) مقبوضہ کشمیر کے شوپیاں ضلع میں بھارتی فوج نے نہتے کشمیری مظاہرین پر اندھا دھند پیلٹ گن کے چھرے برسا دیے جس سے مظاہرہ کی کوریج کرنے والے ایک صحافی سمیت متعدد کشمیر ی زخمی ہوئے ہیں۔بھارتی اہلکاروں کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ بھی کی گئی۔اعجاز احمد ڈار نامی صحافی کے سر اور گردن میں بڑی تعداد میں چھرے لگے ہیں، اسے شوپیاں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر ترال اور پلہالن کے علاقوں میں بھی بھارتی فورسز کے مظاہرین پر تشدد سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شوپیاں کے میمندر علاقہ میں نہتے کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشت گردی اور نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کیخلاف احتجاج کر رہے تھے کہ بھارتی فوج اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے نہتے کشمیریوں پر دھاوا بول دیا اور لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ پیلٹ گن کے چھرے برسائے جس سے کئی کشمیری زخمی ہوگئے ۔زخمی صحافی اعجاز احمد ڈار کو ڈسٹرکٹ ہسپتال شوپیاں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ترال اور پلہالن میں بھی بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور شدید لاٹھی چارج کیا اور پیلٹ گن کے چھرے برسائے جس سے متعدد کشمیریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعا ت ہیں۔