کراچی(اسٹاف رپورٹر) کار ڈیلرسے رشوت کی عدم ادائیگی پر جعلی مقدمہ میں پھنسانےوالے دو پولیس افسران سمیت 20 کے خلاف سرجانی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم پولیس پیٹی بھائی کو تاحال گرفتار نہیں کرسکی ہے،سرجانی کیٹل کالونی کی زمینوں پر بھی مافیا کے ساتھ مل کرقبضے میں یہی پولیس گروہ ملوث ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی تھانے میں مدعی عبدالغفور نے رشوت وصولی کے باوجود جعلی مقدمے میں گرفتار کروانے کے خلاف دو نامزد پولیس اہلکاروں سمیت 20پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ نمبر 691/18درج کروادیا ہے، جبکہ تفتیشی پولیس تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔ایف آئی آر کے مطابق اے ایس آئی ضلع داراورافضال غنی 15سے 20پولیس اہلکاروں سمیت رات گئے میرے گھر پہنچے اور دیوار کود کر گھر میں داخل ہوئے جس سے میری فیملی شدید خوف زدہ ہو گئی ،بعد ازاں پولیس اہلکاروں نے کہا کے تمہارے پاس غیر قانونی اسلحہ ہے جس پر اس نے جواب دیا ہے میرے پاس لائسنس یافتہ نائن ایم ایم پستول ہے جس پولیس اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور پستول لائسنس اور ڈھائی لاکھ روپے جوکہ میری بیٹی کی شادی کے لیے رکھے تھے اٹھالیے اور اسکو بھی آنکھوں پر پٹی باندھ کر موبائل میں بٹھا کر لے گئے اور کئی گھنٹے تک گھوماتے رہے اس دوران پولیس اہلکار نے 50لاکھ روپے رشوت وصولی کے عوض رہا کرنے کا کہا تاہم میرے انکار پر رقم 50لاکھ سے کم کر کے 5لاکھ روپے مانگے تاہم میرے مسلسل انکار پر تھانے لے گئے اور کئی کلو چرس کے مقدمہ درج کرکے مجھے گرفتار کر لیا۔ مدعی نے مزید بتایا کہ ضمانت کے بعد اس نے سرجانی پولیس کو درخواست دی کہ پولیس اہلکار ضلعدار اور اسکے ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے لیکن تھانہ پولیس نے پیٹی بند ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکارکیا جس کے بعد اس نے عدالت سے رجوع کیا اور عدالتی احکامات پر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے، پولیس نے مقدمہ درج ہونے کے بعد بھی نامزد اہلکاروں سمیت کسی اہلکار کو گرفتار نہیں کیا ہے ۔