مبارک ویلیج پر تیل آلودگی کی صفائی آخری مرحلے میں داخل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی جانب سے مبارک ویلیج پر تیل سے پھیلی آلودگی کی صفائی کا کام آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ بحریہ سمیت دیگر ادارے مبارک ویلیج پر آنے والے تیل کو صاف کررہے ہیں جبکہ بائیکو کمپنی کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ بائیکو کی تنصیبات سے تیل کا اخراج نہیں ہوا۔ اس بات کا امکان ہے کہ شپ بریکنگ کیلئے گڈانی جانے والے جہاز سے آئل کا اخراج ہوا ہو۔ تفصیلات کے مطابق مبارک ولیج اور سنہری پوائنٹ پر بحریہ کے جوان وہاں تیل کی پھیلی آلودگی کو صاف کررہے ہیں جبکہ مبارک ویلیج کے ساحل پر پانی کو بھی صاف کرنے کا کام جاری ہے۔ لگ بھگ 100سے زائد اہلکار صبح سے اندھیرا ہونے تک صفائی کا کام کررہے ہیں جبکہ شہریوں کو تاحال تفریح کیلئے جانے سے روکا گیا ہے۔ بحریہ کے ترجمان کمانڈر اجمل نے ”امت“ کو بتایا کہ تیل سے پھیلی آلودگی کی صفائی کا کام اب آخری مراحل میں ہے۔واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب بائیکو آئل کمپنی کے جنرل منیجر شہریار احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے طور پر بھی مبارک ویلیج میں آنے والے تیل کے نمونے لے کر جانچ پڑتال کی تھی، جس سے پتہ چلا کہ یہ بنکر آئل ہے، جو بائیکو یا کسی بھی پاکستان کی ریفائنری میں تیار نہیں ہوتا، بلکہ بنکر آئل کو جہاز میں بطور فیول استعمال کیا جاتا ہے۔امکان ہے کہ شپ بریکنگ یارڈ گڈانی میں موجود کسی جہاز سے بنکر آئل کا اخراج ہوا ہو۔

Comments (0)
Add Comment