اسمتھ، وارنر اور بینکرافٹ پر عائد پابندی برقرار

سڈنی(امت نیوز)کرکٹ آسٹریلیا نے آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن کی معطلی کا شکار کرکٹرز سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر عائد پابندی کی سزا میں نظرثانی کی درخواست مسترد کر دی۔ بورڈ نے رواں سال دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ میں کردار ادا کرنے پر سمتھ اور وارنر پر ایک، ایک سال اور بینکرافٹ پر 9 ماہ تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر گریگ ڈائر نے اپنے بیان میں کہا کہ معروف اخلاقی امور کے ماہر نے آزادانہ طور پر کھلاڑیوں پر پابندی کا جائزہ لیا اور انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں پر جنوبی افریقہ کے خلاف ہر صورت میں ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے دباؤ تھا جس کی وجہ سے انہوں نے بال ٹیمپرنگ کی، ہم نے اخلاقی امور کے ماہر کی رپورٹ کے بعد کرکٹ آسٹریلیا سے کھلاڑیوں پر عائد پابندی کی سزا میں نظرثانی کی درخواست کی تھی۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ پیور نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ نے تحقیقات کے بعد بہت غوروحوض کرتے ہوئے کھلاڑیوں پر سخت پابندیاں لگائی تھیں تاکہ مستقبل میں کوئی ایسی حرکات نہ دوہرا سکے جو ملک کی بدنامی کا باعث بنیں، اس لئے کھلاڑیوں پر پابندیوں کی سزا برقرار رہے گی۔

Comments (0)
Add Comment