کراچی تا دھابیجی ٹرین کا آغاز آج سے ہوگا- شیخ رشید

کراچی(اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے گوادر میں ریلوے اسٹیشن بنانے اورٹرینوں میں مزدوروں کے لیے ماہانہ رعایتی کارڈ جاری کرنے کا اعلان کر دیا اورکہا ہے کہ دھابیجی ایکسپریس کا افتتاح آج ہوجائے گا۔ شہباز شریف این آر او کی بھیک مانگ رہے ہیں اور شریف برادران کے بعد آصف زرداری بھی این آر او لیں گے۔ منگل کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کراچی میں چلائی جانے والی ٹرین میں نو کوچز لگائی جائیں گی جو آئی آئی چند ریگر روڈ سے ٹریفک کے دباو میں کمی کا سبب بھی بنے گی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی آج دھابیجی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے جو صبح چھ بجکر 15منٹ پر چلے گی اور شام سات بجے واپس آئے گی۔ یکم نومبر کو دھابیجی ٹرین میں مزدوروں کو مفت سفر کی سہولت میسر ہوگی تاہم اس ٹرین کا کرایہ 25،35اور 50روپے ہو گا۔ ٹرینوں میں مزدوروں کے ماہانہ رعایتی کارڈ جاری کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا کراچی کے مزدوروں کے لیے یہ تحفہ ہے۔ ہمارا یہ دیرینہ خواب ہے کہ مزدور کراچی کی بسوں کی۔ چھتوں پر سفر نہ کریں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ این آر او کے پیچھے شہباز شریف ہیں، پورے وثوق کے ساتھ کہتا ہوں شہباز شریف کی کوشش ہے این آر او مل جائے جب کہ آصف زرداری بھی انتظار میں ہیں، شریف برادران کے بعد وہ بھی این آر او لیں گے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں ایک ساتھ آمد سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ یہ سب جیل کا میٹیریل ہے، زرداری کے رِنگ پسٹن بیٹھ گئے ہیں، ان کا انجن دھواں دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمن نام اسلام کا لیتا ہے لیکن اس کی نظر اسلام آباد پر ہے جب کہ سیاست دان سمیت ہر شخص کا احتساب ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment