علوی-اردگان ملاقات-آزادانہ تجارتی معاہدے پر تبادلہ خیال

انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک)صدرِمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات میں دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان عارف علوی نے ترک صدر طیب اردگان سے انقرہ میں صدارتی دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ دلچسپی کے باہمی امور اور خطے کو درپیش تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے ترکی کے 95ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر خصوصی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کرنے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ صدر پاکستان نے آزادانہ تجارتی معاہدے اور دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ترک صدر طیب اردگان نے صدر پاکستان کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے برادرانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ امید ہے کہ نئی حکومت کے دوران یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، نئی قیادت میں پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ بھی حاصل ہوگا۔قبل ازیں ترک کو میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر پاکستان عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اب دنیا کو دونوں ملکوں کی قربانیوں اور کاوشوں کا اعتراف کرنا چاہئے۔

Comments (0)
Add Comment