پروین رحمان قتل کیس میں گواہ ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پروین رحمان قتل کیس میں گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت پر گواہوں کو ٹرائل کورٹ میں پیش کرکے رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔پولیس افسر نے بتایا کہ کیس کے گواہ ولی داد کا انتقال ہوچکا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ مرنے والے کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ کہاں ہے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کسی کو مقابلے میں مار کر کہہ دو گے کہ مرگیا۔ سول سوسائٹی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ گواہوں کی جان کو خطرہ ہے۔انہیں تحفظ فراہم کیا جائے؟ عدالت نے ملزمان ایاز علی، عمران سواتی اور امجد حسین کی درخواستوں کی سماعت6نومبر تک ملتوی کردی۔ دریں اثنا ہائیکورٹ نے بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر مجرم عبید کے ٹو کی دھماکہ خیز مواد میں سزا کے خلاف اپیل پر وکیل صفائی کو آئندہ سماعت پر تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔دائر اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فیصلے میں شواہد کو مد نظر نہیں رکھا۔

Comments (0)
Add Comment