ملتان میٹرو اسکینڈل میں چین سے 2گرفتاریوں کے بعد نیب ٹیم بیجنگ روانہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان میٹرو بس اسکینڈل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پروجیکٹ میں کام کرنے والی چینی کمپنی کے دو اہم عہدیداروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے انہوں نے کک بیکس کا اعتراف کر لیا ہے۔ چین نے پاکستان کو ان تک رسائی کی اجازت بھی دے دی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کی سربراہی میں 3رکنی ٹیم چین روانہ ہوگئی ہے۔ ٹیم میں ڈی جی نیب عرفان منگی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ملتان نیب شاہد شامل ہیں۔ پاکستانی وفد چین میں گرفتار 2 ملزمان کے اعترافی بیان اور ان سے رقم واپسی کیلئے چینی حکام کے ساتھ بات چیت کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ملتان میٹرو پروجیکٹ سے اربوں روپے چین منتقل کیے ہیں۔ اگر اعترافی بیان اور رقم مل گئی تو سابق وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف اور منصوبے سے منسلک دیگر حکام کیلئے مشکلات بڑھ جائیں گی۔

Comments (0)
Add Comment