چہلم جلوس کیلئے سیکورٹی سخت رہی-شارع فیصل بھی متاثر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چہلم سیدنا حسین ؓ کے جلوس کے لیے سیکورٹی انتہائی سخت رہی۔مرکزی جلوس کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی جلوس نکالے گئے۔جلوس کے باعث شارع فیصل بھی متاثر رہی اور اطراف میں ٹریفک جام رہا۔اسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ محکمہ فائر بریگیڈ اور ایمبولنس سروس کا عملہ بھی الرٹ تھا۔ تفصیلات کے مطابق چہلم سیدنا حسین ؓ کے حوالے سے سیکورٹی کے سخت کیے گئے تھے۔ مرکزی جلوس کی سیکورٹی پر 5 ہزار اہلکاروں سمیت شہر بھر میں 17 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کے علاوہ رینجرز و دیگر سیکورٹی اداروں کے افسران و اہلکار بھی تعینات تھے، جب کہ مختلف اسکائوٹس تنظیموں کے 5 ہزار سے زائد رضا کار لگائے گئے تھے۔ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی سڑکیں بند اور جلوس کے راستے میں آنے والی مارکیٹیں و دکانیں سیل کردی گئی تھیں۔اونچی عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے شارپ شوٹر تعینات رہے۔فائر بریگیڈ اور ایمبولنس سروس کا عملہ بھی الرٹ تھا، جب کہ شہر کے 3 بڑے سرکاری اسپتالوں کے ساتھ نجی اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ تھی۔نمائش چورنگی سے کھارادر حسینیہ ایرانیاں سیدنا بارگاہ تک مرکزی جلوس کی نگرانی پولیس کے ڈرون کے ذریعے کی جاتی رہی، جبکہ 72 لوکیشنز پر 300 سے زائد کیمروں سے مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ کی گئی۔مرکزی جلوس کے لئے تین سیکورٹی حصار بنائے گئے۔مرکزی مجلس اور جلوس میں شرکت کے لیے مختلف علاقوں سے عزاداروں کا پیدل جلوس رواں دواں رہا، جس کے لیے پولیس نے سیکورٹی انتظامات کے تحت شارع فیصل سمیت اہم سڑکوں کو بھی بند رکھا گیا ، جس کے باعث اطراف میں شدید ٹریفک جام رہا۔شارع فیصل پر ملیر سے نرسری اور شاہراہ قائدین سے خداداد کالونی تک خواتین بچوں اور مرد عزاداروں کی بڑی تعداد پیدل سفر کرتی رہی۔اس موقع پر ٹریفک کی روانی معطل رہنے سے اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔دوسری جانب مرکزی جلوس نشتر پار ک سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ امام بارگاہ کھارادر پر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔

Comments (0)
Add Comment