کراچی (اسٹاف رپورٹر) مقامی عدالت نے15سالہ لڑکی کیساتھ زیادتی کیس میں جرم ثابت ہونے پر مجرم کو پھانسی، جبکہ خصوصی عدالت نے اغوا برائے تاوان اور مقابلے کے الزام میں جرم ثابت ہونے پر6 دہشت گردوں کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ ملیر کی عدالت نے بیرون ملک فرار کیس میں شاہ رخ جتوئی کی عدم حاضری پر ملزم کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ سے جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں سماعت پر زیادتی کے ملزم محمد سلیم کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر محفوظ کیا فیصلہ سنایا اور جرم ثابت ہونے پرسلیم کو پھانسی کا حکم دیا۔ استغاثہ کے مطابق مجرم سلیم نے اسکیم 33 کی رہائشی 15 سالہ سحر فاطمہ سے زیادتی کی تھی، جس کی میڈیکل رپورٹ میں بھی تصدیق ہوئی تھی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں اغوا برائے تاوان، مقابلے اوراسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر اصغر علی، مختیار علی،دانش اور محمد علی سمیت دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا اور جرم ثابت ہونے پر 6 دہشت گردوں کو عمر قید کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ملزم محمد علی کو عدم ثبوت پر بری کرنے کا بھی حکم دیا۔ ملیر کی عدالت نے شاہ رخ جتوئی و دیگرکیخلاف بیرون ملک فرار سے متعلق کیس میں شاہ رخ جتوئی کی عدم حاضری پر ملزم کے پروڈیکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ سے جواب طلب کرلیا ہے۔ مقدمے میں شاہ رخ جتوئی اس کا بھائی نواب جتوئی، محمد خرم جبکہ پی آئی اے حکام محمود سلطان، وصی اختر،بلاول ہاؤس کے پروٹوکول افسر سہیل احمد، ٹریول ایجنٹ عمر ڈوچکی اور ابوبکر ڈوچکی بھی نامزد ہیں۔خصوصی عدالت نے نقیب اللہ سمیت 4 افراد کے قتل کیس میں تفتیشی افسر نے مفرور سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت، شعیب شوٹر سمیت دیگرملزمان کی حتمی رپورٹ جمع کرادی۔ عدالت نے سماعت19نومبر تک ملتوی کردی ہے۔