اسلام آباد (امت نیوز)مولانا فضل الرحمان نے آل پارٹیز کانفرنس فوری بلانے کا فیصلہ موخر کردیا ہے اور اے پی سی سے قبل اپویشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیاہے ۔اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجا ظفر الحق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتیں اس بات متفق ہیں کہ انہیں ایک پیچ پر ہونا چاِہیے، اپوزیشن کے مستحکم اتحاد کے لیے بنیادی اصول طے کرنے ہیں۔ پہلے پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بلایا جائے گا،اس اجلاس میں اے پی سی کے حوالے سے تمام پارلیمانی رہنمائوں سے مشاور ت کے بعد وہ اصول طے کئے جائیں گے جن کے مطابق اے پی سی بلائی جائے گی۔شہباز شریف اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بیٹھ کرٹی او آرز طے کریں گے،ٹی او آرز طے ہونے کے بعد ہی باضابطہ طور پر اے پی سی کو ممکن بنا سکیں گے۔