کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں رکشے ڈرائیور کے اکاؤنٹس سے ساڑھے 8 ارب روپے کی ٹرانزکشن کا انکشاف ہوا ہے۔ایف بی آر نے رکشہ ڈرائیور زور طلب خان کو نوٹس بھیج دیا،جس میں کہا گیا ہے کہ سالار انٹر پرائزز اور سالار مائننگ کے ذریعے کم از کم 5 بینکوں سے اربوں روپے کی ٹرانزکشن کی گئی ۔ ایف بی آر کے مطابق زور طلب خان کے نام پر اکاؤنٹس کراچی اور بونیر کی مختلف بینکوں میں کھولے گئے جو عمار خان نامی شخص استعمال کرتا رہا۔ ایک نجی بینک کی برانچ سے 4 ارب 60 کروڑ، دوسری سے 3 ارب 60 کروڑ روپے کی ٹرانزکشن ہوئی۔ایف بی آر نے نوٹس میں زور طلب خان کو ٹیکس چھپانے اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں جواب دینے کےلئے طلب کیا۔ایف بی آر کے مطابق اکاؤنٹس استعمال کرنے والے عمار خان کو بھی جلد نوٹس دیا جائے گا۔زور طلب خان نے نوٹس کے حوالے سے کہا کہ میں بونیر میں ہوں،کراچی واپس آنے پر رابطہ کروں گا۔