کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے زخمی سمیت 27ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، زیورات، غیر ملکی کرنسی اور منشیات برآمد کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم حیدر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پاپوش نگر پولیس نے ملزم جاوید ، بوٹ بیسن پولیس نے ملزم منتظر اور اورنگی پولیس نے ملزم عالم زیب کو پکڑلیا۔ فیروز آباد پولیس نے ڈکیت گینگ کے3کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون غلام شبیر میمن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فیروزآباد پولیس نے3ملزمان انتھونی، ڈریمن ڈیوڈ اور علی کو گرفتار کرکے اسلحہ،5لاکھ روپے نقد،لیپ ٹاپ، موبائل فون، سونے کے زیورات، غیر ملکی کرنسی سمیت دیگر اشیا برآمد کرلیں۔ملزمان کرائے کی کار میں قومی شاہراہ پر گشت کرتے اور بیرون ملک سے آنے والے افراد کا تعاقب کرکے گھر کے پاس لوٹ مار کرتے تھے۔ملزمان نے زیادہ تر وارداتیں گلشن اقبال، نیوکراچی ،سرجانی سمیت دیگرعلاقوں میں صبح کے اوقات میں کیں۔رینجرز نے مختلف علاقوں سے 17 ملزمان محمد حارث نیازی، محمد کارمان عرف گجنی ، غلام عباس ، منصور الرحمن عرف گورا، زین العابدین عرف منگو، علی محمد عرف مری، گلریز عرف گلو، وسیم سجاد، عامرقمر، محمد عبدالنعیم، کامران عرف کامی، شیخ محمد علی، شاہدمحمود، فاروق احمد، شمشیرعلی، دو منشیات فروشوں جاویدحسین اور باہین عرف پہلوان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ماڈل کالونی کےعلاقے میں رینجرز اور پولیس نے3 ملزمان فضیل احمد عرف فیضی، شہنیل عرف سونو اور محمد سمیع عرف سمیرکالا کو گرفتار کرلیا۔