کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے سابق سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن غلام مصطفی پھل و دیگر کے خلاف ملیر کی 265ایکڑ زمین کی غیر قانونی فروخت کے ریفرنس میں 5مفرور ملزمان محسن،محمد وسیم،شہزاد ،مشکور خان اور محمد صاحب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ، عدالت نے مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 8نومبر تک پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ بدھ کے روز سماعت پر ملزمان کو پیش نہیں کیاگیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان پر دیہہ گھنگیارو ، ملیر کی 265ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام ہے ، مذکورہ زمین 1960میں کے ایم سی کو ٹینریز کے مقاصد کے لئے الاٹ کی گئی تھی مگر کے ایم سی کے افسران نے پرائیویٹ پرسن محمد شعیب کے ساتھ مل کر زمین کی لیز صنعتی مقاصد کے لئے کردی جس کا ریکارڈ ملزم محمد شعیب کو گرفتار کرکے اس کی نشاندہی پر حاصل کر لیا گیا ۔ریفرنس میں سابق سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن غلام مصطفیٰ پھل، سابق ایڈمنسٹریٹر فضل الرحمن ، سابق کمشنر روشن علی شیخ ،سابق ڈی سی شوکت حسین جوکھیو ،سابق مختیار کار ندیم قادر کھوکھر، ڈائریکٹر کے ایم سی سیف عباس ،کے ایم سی افسران صبا الاسلام ، محسن انصاری ، مشکور خان ،شہزاد خان ، محمد وسیم ، پرائیویٹ پرسن محمد شعیب سمیت 15ملزمان نامزد ہیں۔ دریں اثنا عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 462ارب روپے کرپشن سے متعلق ریفرنس میں گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 8نومبر تک ملتوی کردی ۔