لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ملعونہ آسیہ کی رہائی کے فیصلے کے بعد سلمان تاثیر کے اہل خانہ ان کی سال2010 کی ٹویٹس ری ٹویٹ کر کے انہیں یاد کر رہے ہیں۔سلمان تاثیر کی بیٹی سارہ نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔شہریار تاثیر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو غریبوں ،کمزوروں اور مظلوموں کی جیت قرار دیا۔دوسرے بیٹے شہباز تاثیر نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ٹویٹ میں لکھا ہے ’پاکستان زندہ باد‘۔ سلمان تاثیر کی بیٹی صنم نے پھولوں کی ایک تصویر ٹویٹ کرکے اسے نئی صبح قرار دیا ہے۔سلمان تاثیر ملعونہ آسیہ مسیح کے حق میں ٹویٹس کی وجہ سے ہی قتل ہوئے۔20 نومبر 2010 کو سلمان تاثیر نے ٹویٹ کی کہ وہ صدر آصف زرداری سے رحم کی اپیل کے ہمراہ شیخوپورہ ڈسٹرکٹ جیل کے لیے روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ آسیہ سے ملیں گے۔22نومبر کو سلمان تاثیر کا اپنی ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ انہیں ’مُلا‘ کے سخت ردعمل کا سامنا ہے اور وہ ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس بار بھی انھوں نے فیض احمد فیض کی نظم کا شعر لکھا ۔آج بازار میں پا بہ جولاں چلو۔رخت دل باندھ لو دل فگارو چلو، پھر ہم ہی قتل ہو آئیں یارو چلو۔سلمان تاثیر نے دسمبر میں ایک ٹویٹ کی کہ مجھ پر بہت دباؤ تھا کہ توہینِ مذہب کے معاملے میں دائیں بازو کی قوتوں کے سامنے جھک جاؤں۔ مگر اگر میں اِس صف میں کھڑا آخری انسان بھی ہوں گا تو میں نہیں جھکوں گا۔اس ٹویٹ کے ایک ہفتہ بعد ہی وہ 4 جنوری 2011 کو اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں ممتاز قادری کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔