بیجنگ (امت نیوز) سٹار پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال دوسری ایشین ٹور 10 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ انہیں لاسٹ فور میچ میں روایتی حریف بھارتی کیوئسٹ پنکج ایڈوانی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق چین میں جاری میگا چیمپئن شپ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پنکج ایڈوانی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلال کو بیسٹ آف نائن فریمز میں 5-1 سے زیر کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ دریں اثناء بلال نے کوارٹر فائنل میں چینی کیوئسٹ ما چنماؤ کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔ بلال کی سیمی فائنل میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان کا ایونٹ میں سفر بھی تمام ہو گیا۔ حارث طاہر اور بابر مسیح پہلے ہی شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔