اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آسیہ مسیح کی بریت کے فیصلے پر سپریم کورٹ کی حمایت کردی اور کہا ہےکہ تمام اداروں کوعدالت کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔جبکہ نواز لیگ اس معاملے پر خاموش رہی ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جوڈیشل ایکٹوازم سے متعلق ہماری سوچ ہوسکتی ہے،سپریم کورٹ ہمارا قومی ادارہ ہے، جب بھی انصاف کا کوئی فیصلہ کرے تو قومی اسمبلی سمیت تمام اداروں کوساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ ہم سڑکوں سے ملک کو نہیں چلا سکتے، بلکہ آئین اور قانون کے تحت ملک کو چلا سکتے ہیں۔ اس دن کے انتظار میں ہوں جب پورا ملک دھمکی سے نہیں بلکہ قانون کے تحت چلے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ انتہا پسندی ہمارا بڑا مسئلہ ہے، تمام جماعتوں نے مل بیٹھ کر نیشنل ایکشن پلان بنایا ہے، تاہم بدقسمتی سے سابقہ حکومت اور نہ ہی موجودہ حکومت اس پر عملدرآمد کر رہی ہے۔دوسری جانب آسیہ مسیح کی بریت کے فیصلے کے حوالے سے ن لیگ کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی اور کسی رہنما کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ۔