اسلام آباد(امت نیوز) اسلام آباد سوئمنگ ایسوسی ایشن (خواتین ونگ) کی جنرل سیکرٹری روبینہ صدیق نے کہا ہے کہ قومی جونیئر ویمنز سوئمنگ چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے جس کو بروئے کار لانے کیلئے پاکستان سوئمنگ فیڈریشن اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں سوئمنگ میں خواتین کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی جونیئر ویمنز سوئمنگ چیمپئن شپ سے ثابت ہوگیا ہے کہ ملک میں سوئمنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بلکہ ان کو سہولیات فراہم کی جائیں تو خواتین سوئمرز بھی انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سوئمنگ فیڈریشن کے زیراہتمام قومی جونیئر ویمنز سوئمنگ چیمپئن شپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے سوئمنگ پول میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے چھ ٹیموں کی خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پنجاب، سندھ اور اسلام آباد شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں مختلف کیٹیگریز کے ایونٹس منعقد ہورہے ہیں جن میں فری سٹائل، انفرادی میڈلے، بریسٹ سٹروک، بٹرفلائی، فری سٹائل ریلے، بیک سٹروک اور میڈلے ریلے شامل ہیں۔