حیدرآباد (بیورو رپورٹ) سپر ہائی وے پر لکی سیمنٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں 5افراد جاں بحق ،جبکہ ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے، شدید زخمیوں کو طبی امداد کے لئے کراچی اور سول اسپتال جامشورو منتقل کیا گیا ہے۔ جمعرات کو رات میں نوری آباد تھانہ کی حدود سپر ہائی وے پر لکی سیمنٹ کے قریب مسافر بس اور آئل ٹینکر میں ٹکر ہوئی ۔مسافر بس کراچی سے حیدرآباد آرہی تھی، حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر اردگرد سے لوگ موقع پر پہنچے ،جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے لوگ بھی کچھ دیر بعد پہنچے، ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا، حادثے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر تھانہ بولاخان اور ڈی ایس پی نوری آباد بھی موقع پر پہنچے اور فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرائیں، ڈی سی جامشورو فریدالدین مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے انتہائی تشویشناک حالت والے زخمی کراچی اور کچھ زخمی لمس اسپتال جامشورو منتقل کئے گئے ہیں۔ بس کے مسافروں کا کہنا ہے کہ حادثہ آئل ٹینکر کے اچانک فاسٹ ٹریک پر آنے سے ہوا، موٹروے پولیس کے کمزور کنٹرول کی وجہ سے ٹرالر اور ٹرک آزادانہ فاسٹ ٹریک سمیت تین لینز پر ایک ساتھ اوور ٹیک کررہے تھے۔ ٹرانسپورٹرز کا موقف ہے کہ رات کے اوقات میں موٹر وے پولیس کی پیٹرولنگ نہ ہونے کے برابر ہے، موٹروے پولیس ٹرک اور ٹینکرز کو قوانین پر عملدرآمد کروانے میں ناکام نظر آتی ہے، کراچی تا حیدرآباد موٹروے پولیس ٹریفک قوانین یا شکایات کے فوری ازلہ کےلئے کاروائی نہیں کرتی ،جس کی وجہ سے حادثات معمول بن گئے ہیں۔