اسلام آباد( نمائندہ امت/ایجنسیاں)آسیہ مسیح کی بریت کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے ختم کرانے کیلئے وفاقی حکومت نے مذاکرات کا فیصلہ کیا تھا۔وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے معاملے کوافہام سے حل کرنے کے لیے کمیٹی کی منظوری دی تھی۔کمیٹی میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری اور وزیر برائے فوڈ سیکورٹی محبوب سلطان کو شامل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء نور الحق اورمحبوب سلطان کومظاہرین کی قیادت سے ملاقات کا ٹاسک دیا گیا تھاجبکہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ مذاکرات کی نگرانی وزیراعظم خود کریں گے۔ دوسری جانب اجلاس میں مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں آپریشن سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس ضمن میں سیکورٹی اداروں سے رپورٹ بھی مانگی گئی ۔ ذرائع نے روزنامہ امت کوبتایاکہ وفاقی حکومت کوآپریشن کی صورت میں جانی اور مالی نقصانات کااندیشہ ہے اس لیے پہلے آپشن کے طورپر مذاکرا ت کی راہ اپنائی گئی۔ تحریک لبیک کی مرکزی قیادت سے بات چیت کے لیے پیر آف گولڑہ شریف اور دیگر کی معاونت لینے کابھی فیصلہ کیاگیاہے۔ذرائع نے بتایاکہ وفاقی کابینہ نے ملک میں غیر یقینی صورت حال کے خاتمے کے لیے ممکنہ آپشن پر تفصیل سے غور کیا گیا۔