معمر شخص کی جعلی مقابلے میں ہلاکت پر ورثا سراپا احتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نبی بخش پولیس کے ہاتھوں مارے گئے 60سالہ اسٹیٹ بروکر کے ورثا نے کو مقابلے کو جعلی قرار دیتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی اپیل کردی۔ لائنز ایریا کا رہائشی عبداللہ 5 نومبر کو تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے جانے والا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب کوسٹ گارڈ ہیڈ کوارٹرز کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد مبینہ ڈاکو کی ہلاکت و اسلحہ برآمدگی کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کا ایک ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔ عبداللہ کے چھوٹے بھائی معین الدین نے ”امت“ کو بتایا کہ اس کا بھائی ڈاکو نہیں تھا، عبداللہ اہلیہ کی دوائی لینے نکلا تھا اور کچھ دیر بعد پتا چلا کہ اسے جعلی مقابلے میں ماردیا گیا ہے۔ معین الدین نے مزید بتایا کہ میرا بھائی دل کا مریض اور مٹاپے کے باعث ٹھیک سے چل بھی نہیں سکتا تھا، ڈاکٹرز نے اسے آپریشن کا کہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عبداللہ 3 بچوں کا باپ اور مقامی ایجنسی میں اسٹیٹ بروکر تھا۔ معمر والدہ نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ظالموں نے ان کی گود اجاڑ دی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی کہ وہ شفاف تحقیقات کرکے ملوث اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کریں۔ مقتول کی بیٹی اور بڑے بیٹے نے بتایا کہ ان والد ہر سال تبلیغی اجتماع میں جاتے تھے اور 5 نومبر کو وہ اجتماع میں جانیوالے تھے۔

Comments (0)
Add Comment