’’ملک میں ویٹ لفٹنگ کھیل کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں‘‘

اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل امجد امین بٹ نے کہا ہے کہ ملک میں ویٹ لفٹنگ کے کھیل کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سہولیات فراہم کی جائیں تو انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جناح سٹیڈیم میں قومی ٹیم کے انتخاب کے سلسلہ میں دو روزہ ٹرائلز کے بعد ’ میڈیا‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ٹرائلز کے دوران فیڈریشن میرٹ کی بنیاد پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ملک میں ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹرز کو کھیلوں میں آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باعث کئی انٹرنیشنل مقابلوں میں کھلاڑیوں کی شرکت نہیں ہوتی لیکن کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کے ایونٹس میں ہی سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پھر بھی کوشش ہوتی ہے کہ فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کیلئے بھیجے۔ امجد امین بٹ نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے سائوتھ ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز کے علاوہ کئی انٹرنیشنل مقابلوں میں میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment