اسلام آباد (امت نیوز) بھارت نے کامن ویلتھ جوڈو چیمپین شپ کے لئے قومی کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہیں کیے جس کی وجہ سے پاکستان ایونٹ سے شرکت سے محروم ہو گیا ہے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور ڈائریکٹر میڈیا مسعود احمد خان نے جمعہ کو ”اے پی پی“ کو بتایاکہ چیمپئن شپ 6 سے 12 نومبر تک بھارت میں کھیلی جائے گی جس کے لئے فیڈریشن نے19 کھلاڑیوں اور 5 آفیشلز کے نام 24 ستمبر کو براہ راست بھارت جوڈوفیڈریشن کے سیکرٹری اور ایونٹ کے آرگنائزر موہن جسوال کو بھجوائے تھے کیونکہ آن لائن سسٹم میں خرابی کے باعث پاکستان جوڈوفیڈریشن نے ڈائریکٹ ایونٹ کے آرگنائزر کو ڈاکیومنٹس بھجوائے تھے۔ آرگنائزر نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ویزہ سپورٹنگ ڈاکیومنٹس بھارتی وزارت امور خارجہ کو بھجوائے تاہم وہاں سے ڈاکیومنٹس دیرسے ملنے کے بعد بھارتی ہائی کمشنر کو بھجوائے گئے جس کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑی اور آفیشلز کو ویزے جاری نہیں کئے گئے اور پاکستان ایونٹ سے محروم ہو گیا۔ انہوں نے کہاکہ ایونٹ میں پاکستان نے سینئرز، کیڈٹ، جونیئر اور ماسٹر کیٹیگری کے مقابلوں میں شرکت کرنا تھی اور ان کے لئے بھرپور تیاری بھی کی تھی تاہم ویزے نہ ملنے کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑی چیمپین شپ میں حصہ لینیے سے محروم ہو گئے ہیں۔