کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامع کلاتھ میں تالاتوڑ گروہ 25 دکانوں کا صفایا کر گیا ۔ تاجروں نے مارکیٹ میں ہونے والی ایک ہفتے میں دوسری واردات پر پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق جامع کلاتھ دہلی مارکیٹ میں تالا توڑ گروہ چوکیدار کو رسیوں سے باندھ کر 25دکانوں کا صفایا کر گیا۔ جب دکاندار مارکیٹ پہنچے تو دکانوں کےٹوٹے تالے دیکھ کر مشتعل ہوگئے اور پو لیس کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ۔ تاجروں کے مطابق مذکورہ مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران یہ دوسری واردات ہے ، تالا توڑ گروپ بلاخوف دکانوں کے تالے کاٹ کرنقدی اور سامان لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں اور پولیس نے آج تک ایک بھی ملزم گرفتار نہیں کیا۔ ڈی ایس پی علی رضا نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ملزمان علی الصبح مارکیٹ میں داخل ہوئے اور چوکیدار حبیب اللہ کو تشدد کا نشانہ بناکر اسے رسیوں سے باندھ کر ایک طرف پھینک دیا اور دکانوں کے تالے کاٹ کر نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں نے درخواست دی تو مقدمہ درج کیا جائیگا۔ ایس ایچ او آرام باغ شعیب قریشی نے بتایا کہ چوکیدار نےبیان دیا ہے کہ ملزمان کی تعداد 20سے 25تھی جنہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد دکانوں کے کنڈے کاٹ کر واردات کے بعد فرار ہوگئے انہوں نے کہا کہ کسی دکاندار نے مقدمہ درج کرانے کیلئےرابطہ نہیں کیا ہے ، جبکہ چوکیدار کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے ۔