کراچی سے صرف 8 ٹرینیں روانہ ہوسکیں۔ 11 منسوخ

کراچی (رپورٹ: اطہر فاروقی) دھرنوں اور مظاہروں کے باعث ریلوے نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ کراچی سے 19 کے بجائے صرف 8 ٹرینیں 8گھنٹے تاخیر سے روانہ کی جاسکیں۔ پنجاب میں ریلوے لائنز بند کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری دھرنوں نے ریلوے کا پہیہ بھی جام کر دیا۔ مظاہروں اور دھرنوں کے باعث ریلوے کا نظام تیسرے روز بھی بری طرح متاثر ہوا۔ گزشتہ روز کراچی سے اندرون ملک جانے والی 19میں سے محض 8 ٹرینیں ہی چلیں ،جو 7سے 8گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ محکمہ ریلوے کے مطابق گزشتہ روز شالیمار ایکسپریس کراچی سے لاہور کیلئے شیڈول کے مطابق صبح 6.00بجے روانہ ہوئی جبکہ 6 بج کر 15منٹ پر روانہ ہونیوالی ہزارہ ایکسپریس 2گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ عوامی ایکسپریس مقررہ وقت سے 24گھنٹے گزرنے کے باوجود روانہ نہ ہوسکی، جس پر اسکی روانگی منسوخ کر دی گئی۔ کراچی کینٹ اسٹیشن سے دوپہر ایک بجے روانہ ہونے والی پاکستان ایکسپریس 4گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ اسی طرح دوپہر 2بجے کراچی کینٹ سے علامہ اقبال ایکسپریس بھی 3گھنٹے تاخیر سے چلی۔ کراچی سے لاہور کیلئے قراقرم ایکسپریس شیڈول کے مطابق روانہ ہوئی، تاہم 4بجے روانہ ہونیوالی بزنس کلاس ایکسپریس 6بجے روانہ کی گئی۔ محکمہ ریلوے حکام کے مطابق کراچی کینٹ سے 8سے 12گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے والی ٹرینوں میں کراچی ایکسپریس، ملت ایکسپریس،تیز گام، بہاالدین زکریا، بولان، شاہ حسین، خوشحال خان خٹک و فرید ایکسپریس سمیت گرین لائن، خیبر میل اور سکھر ایکسپریس شامل ہیں۔اسٹیشن کراچی کینٹ ماسٹر سعید نے ‘‘امت’’ کو بتایا کہ ملکی حالات کے پیش نظر گزشتہ 3دن سے ٹرینوں کا شیڈول شدید متاثر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرینوں کی تاخیر کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ملک بھر میں دھرنوں کی وجہ سے پنجاب میں کئی علاقوں میں ریلوے لائنز بند کردی گئی ہیں، جس کی باعث کراچی اسٹیشن پر تمام ٹرینیں تاخیر سے پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جو ٹرینیں 24گھنٹے تاخیر کا شکار ہوتی ہیں، ہمیں انہیں مجبوراً منسوخ کرنا پڑتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرین جب کراچی پہنچتی ہے تو اسکے بعد روانگی کیلئے کم از کم 3گھنٹے درکار ہوتے ہیں، جس میں ٹرین کی صفائی اور معائنے کا وقت شامل ہوتا ہے ۔جب ٹرین کراچی تاخیر سے پہنچے گی تو اس کی روانگی میں بھی مزید 3گھنٹے لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح معاملات رہے تو عوام کو پریشانی کیساتھ حکومت کو کروڑوں کا نقصان ہوگا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق شالیمار ایکسپریس فیصل آباد سے کراچی کیلئے، فرید ایکسپریس لاہور سے کراچی کیلئے اور اکبر ایکسپریس کوئٹہ سے لاہور کیلئے اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوئی۔ بولان میل کوئٹہ سے کراچی کیلئے، شالیمار ایکسپریس کراچی سے لاہور کیلئے اور ملت ایکسپریس بھی ملک وال سے اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال ایکسپریس سیالکوٹ سے مقررہ وقت پر روانہ ہوکر لاہور سے کراچی کیلئے بھی مقررہ وقت پر روانہ ہوئی۔ قراقرم ایکسپریس فیصل آباد سے کراچی کیلئے اور اسی طرح کراچی سے لاہور کیلئے مقررہ وقت پر روانہ ہو گی۔ زکریا ایکسپریس کراچی سے ملتان کیلئے اور بولان میل کراچی سے کوئٹہ کے لئے مقررہ وقت پر روانہ ہو گی، جبکہ فرید ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس، گرین لائن ایکسپریس اور خیبر میل کراچی سے مقررہ وقت پر روانہ ہوں گی۔ ریلوے ترجمان کا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہوتے ہی تمام ٹرینوں کو اپنے اپنے مقررہ روٹس سے منزل مقصود پر روانہ کیا جائے گا جبکہ سیکورٹی صورتحال، مختلف مقامات پر احتجاج اور دھرنوں کے باوجود ٹرین آپریشن جاری ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں آپریشنل ٹیم کے ہمراہ ٹرین آپریشن کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment