دھرنوں کے شرکا کیلئے مخیر حضرات کی طرف سے کھانے کا انتظام

کراچی (رپورٹ:شعیب مغل) مخیر حضرات نے عاشقان رسولؐ کے لئے لنگر کھول دیئے۔ 20 سے زائد مقامات پر لگثری گاڑیوں میں کلب سینڈویچز اور بریانی کے پیکٹس پہنچائے جا رہے ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں جاری دھرنوں میں دن بھر مخیر حضرات کی جانب سے لنگر کا سلسلہ جاری رہا ، جمعہ کوبھی شہر کے مختلف مقامات پر صبح سویرے ہی دھرنوں کا آغاز ہوا جن میں اسٹار گیٹ،نمائش، تین تلوار ، ٹاور، رنچھوڑ لائن ، رام سوامی، شو مارکیٹ،اورنگی ٹاؤن نمبر 5،سعید آباد، بلدیہ نمبر 4،حب ریور روڈ، جناح برج، بڑا بورڈ ، ماڑی پور روڈ،سہراب گوٹھ، لیاقت آباد دس نمبر، تین ہٹی، نیو کراچی فورکے، ناگن چورنگی، ناظم آباد ، سخی حسن ،ملیر فور کے چورنگی، زیروپوائنٹ، ملیر ہالٹ،ماڈل کالونی،کورنگی بلال چورنگی، قیوم آباد فرنیچر مارکیٹ، لانڈھی89،ملیر ندی اور کورنگی ڈھائی نمبر شامل ہیں۔دھرنوں میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے جبکہ دھرنوں میں شریک شرکاء کیلئے مخیر حضرات کی جانب سے بریانی، سینڈویچز،سموسے اور فروٹ سمیت پانی کی بوتلیں ودیگراشیا پہنچانےکا سلسلہ دن بھرجاری رہا۔دھرنے میں شریک شرکا کا کہنا تھا کہ لوگ اپنی گاڑیوں میں آتے ہیں اور کھانے پینے کی اشیا تقسیم کر کے چلے جاتے ہیں ،نمائش پر ہونے والے دھرنے میں شریک ایک شخص نے بتایا کہ دوپہر کے وقت چند گاڑیاں آئیں جن میں بریانی کے پیکٹ موجود تھے۔گاڑی میں سوار افراد کی جانب سے بریانی کے پیکٹ لوگوں میں تقسیم کئے گئے اسی طرح مختلف افراد کی جانب سے پانی کی بوتلیں اور سموسے بھی وقفے وقفے سے تقسیم کئے جارہے ہیں ۔’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے تحریک لبیک سندھ کے ذمہ دار محمد علی کا کہنا تھا کہ دھرنے میں آنے والے افراد کیلئے مخیر افراد کی جانب سے کھانے پینے کا انتظام کیا جا رہا ہے ، انہوں نے اسے غیبی امداد قرار دیتے ہوئے کہا کہ شرکا کو کسی چیز کی کمی کا سامنا نہیں ، لوگ آتے ہیں اور خاموشی سے کھانے پینے کی اشیا تقسیم کر کے چلے جاتے ہیں۔ کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرنے والوں کا کہنا ہے کہ دھرنے میں شریک افراد اللہ کے مہمان ہیں، ان کی خدمت فرض سمجھ کر کر رہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment